Skip Ribbon Commands
Skip to main content
Navigate Up
Sign In
صدرِ آزاد کشمیر کی مسئلہ کشمیر پر گفتگو  
 
کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے اور پاکستان کے بغیر کشمیر کا کوئی تشخص نہیں۔  1947ء تک اب تک مسلسل کشمیری عوام  بھارتی جارحیت اور ظلم و ستم کا شکار چلے آ رہے ہیں۔ اُن کی دلی خواہش ہے کہ وہ پاکستان سے الحاق کریں اور پاکستانی نوجوانوں کو اس پر کوئی شک نہیں ہونا چاہیے۔ وہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کو مضبوط تر دیکھنا چاہتے ہیں کہ  سیاسی ٗ علاقائی  اور اقتصادی طور پر مضبوط پاکستان ہی  کشمیر کا دیرینہ مسئلہ حل کروا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار صدر ِ آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے جمعرات کے روز نسٹ کے اساتذہ اور طلبا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید فرمایا کہ بھارت  طاقت کے بل بوتے پر کشمیر میں انسانی حقوق اور قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہا ہے۔  اُس نے ہمیشہ آزادی کی تحریک کو کچلنے کی کوشش کی ہے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کو اُن  کے حق خود ارادی سے محروم رکھا  ہوا ہے۔

مسئلہ کشمیر اور پاکستان  کے بارے میں کینہ پرور  پراپیگنڈا کی مزمت کرتے ہوئے ٗ صدر ِ آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ بھارت کی کوشش رہی ہے کہ وہ دنیا کے سامنے پاکستان اور کشمیر کو بدنام کرے۔ ہزاروں غیر مسلح نوجوان  مقبوضہ کشمیر کی گلیوں اور بازاروں میں بھارتی افواج کی غیر قانونی پابندیوں کے باوجود آزادی کے حق میں احتجاج کرتے رہتے ہیں۔  اُن کا کہنا تھا کہ دہائیوں پرانے انسانی حقوق کے بحران کے نتیجے میں  سینکڑوں گھروں کو مسمار ٗ  خواتین کی عصمت دری ٗ نوجوانوں اور بوڑھوں پر تشدد کی انتہا کردی گئی اور ہزاروں افراد کو شہید کردیا گیا۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ دنیا کو مسئلہ کشمیر کی درست صورتحال بتائی جائے اور بھارتی پراپیگنڈے کو بے نقاب کیا جائے۔

قبل ازیں ٗ ریکٹر نسٹ لیفٹننٹ جنرل نوید زمان ٗ ہلال امتیاز ملٹری (ریٹائرڈ) نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔  حاضرین سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے فرمایا کہ کشمیر کا الحاقٗ بھارتی قبضے سے آزادیٗ پاکستانی عوام کے اجتماعی لاشعور میں رچی بسی ہوئی ہے۔  اس نظریے سے ہماری گہری  وابستگی  کی بنیادی وجہ ہمارے آباؤ اجداد کا کشمیر کے متعلق مدلل اور ناقابل تسخیر  اخلاقی عزم  ہے۔

جناب ریکٹر  نے مزید فرمایا کہ کشمیر پر پاکستان کا قومی بیانیہ  یک جہتیٗ  نیک خواہشاتٗ کشمیریوں کے ساتھ گہری وابستگی ٗ اُن پر ڈھائے جانے والے مظالم  کا دکھٗ  اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ بھارتی مسلح افواج کے ہاتھوں مظالم کا فوری خاتمہ کیا جائے اور خطے میں پُر امن ماحول کے لیے راہ ہموار کی جائے۔ 

 
Skip Navigation Links.
نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی
اسلام آباد پاکستان H-12
2017 © تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں